اسلامی جمہوریہ پاکستان زندہ باد


August 28, 2008

ذہنی امراض کی سب سے بڑی وجہ ناانصافی ہے:ہیلتھ پاک

دنیا بھر میں ذہنی بیماریوں میں مبتلا آٹھ لاکھ سے زائد مریض ہر سال خود کشی کرتے ہیں
 
لاہور(الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا) دنیا بھر میں ذہنی بیماریوں میں مبتلا آٹھ لاکھ سے زائد مریض ہر سال خود کشی کرتے ہیں اور اندازے کے مطابق ہسپتال میں آنے والا ہر چوتھا شخص ذہنی یا عصابی بیماری میں مبتلا ہے وطن عزیز میں کل آبادی کے دس سے بیس فیصد افراد ڈپریشن کا شکار ہیں۔ ذہنی بیماریوں سے ہر عمر کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں اوراس سے بچے بھی محفوظ نہیں گیارہ سال سے کم عمر کے بچوں میں ساتھ فیصد مختلف ذہنی و عصابی بیماریوں میں مبتلا ہو تے ہیں دنیا بھرمیں پندرہ کروڑ افراد ڈپریشن اور دس کروڑ افراد مختلف نشہ آور ادویات کے استعمال میں مبتلا ہے پانچ کروڑافراد مرگی کے مرض میں مبتلا ہیں اور ڈھائی کروڑ سے زائد افرادحافظہ کی کمزوری کا شکار ہیں ان خیالات کا اظہارچیف ایگزیکٹو’‘ہیلتھ پاک’’ قاضی ایم اے خالد نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی بیماریوں کی مختلف وجوہات ہیں جنمیں حیاتیاتی، نفیساتی ،معاشی ، ثقافتی اور سیاسی وجوہات شامل ہیں۔عدم انصاف ذہنی امراض کا سب سے بڑا سبب ہے۔ ہمارے ملک میں ان اضافی وجوہات کی بناء پر ذہنی امراض کی شرح زیادہ پائے جانے کے شواہد ہیں مگر ناکافی اعداد و شمار اور ذہنی بیماریوں کے متعلق شعور کی کمی کی وجہ سے صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکتا اس وقت پورے ملک میں تین سو سائیکاٹرسٹ موجود ہیں اور چند بڑے ہستپالوں میں ذہنی مریضوں کے لئے مو جود ہیں انہوں نے کہاکہ نشہ آور ادویات میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے ۔ سابق صدر ضیاءالحق نے اس حوالے سے کافی عملی اقدامات کیے۔ (خواہ اس کی وجہ ذہنی مرض میں مبتلاء ان کی اپنی بیٹی رہی ہو) اسی طرح سننے میں آ رہا ہے کہ وطن عزیز کے موجودہ حکمران بھی ذہنی امراض کا شکار رہے ہیں یقیناً وہ اس کی اذیت کو ضرور سمجھتے ہوں گے لہذا اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے مریضوں کی نگہداشت اور علاج کے لئے مریض ڈاکٹروں’ نرسوں اور دیگر معالجین کو خصوصی ٹریننگ دی جائے اور خصوصی مراکز بنائے جائے جبکہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی ، غربت اور بیروز گاری کے خاتمے شرح خواندگی میں اضافہ،بہتر طرز زندگی خصوصاً عوامی ضروریات زندگی کی فراہمی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات ، بہتر سیاسی نظام اور مذہب کے زرین اصولوں کی پیروی کے لئے بھی سنجیدہ اور موثر اقدامات کئے جائیں جن سے ذہنی امراض کی شرح میں یقینی کمی ہو گی ۔۔

May 31, 2008

سگریٹ کا ایک کش پھیپھڑوں کو 4000مضر صحت مادوں سے بھر دیتا ہے۔حکیم خالد

WORLD NO TOBACCO DAY 2008
 
لاہور31مئی …ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے تمباکو اور ان کارپوریشنز کے خلاف ایک سالانہ احتجاج ہے جو اس کے استعمال کو فروغ دیتی ہیں۔ اس سال کا موضوع ‘تمباکو سے آزاد نوجوان’ ہے جس کا مقصد تمباکو کی تمام اقسام کی مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ بشمول تقریبات اور سرگرمیوں کی اسپانسرشپ پر پابندی لگا کر نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے محفوظ رکھنا ہے۔ سگریٹ کا ایک کش پھیپھڑوں کو کاربن ڈائی آکسائیڈ’کاربن مونو آکسائیڈ’اونیا’ایسے ٹون اور تقریبا 4000دوسرے مضر صحت مادوں سے بھر دیتا ہے۔ سگریٹ کی مدد سے خود کشی کرنے والا صرف اپنی سانسوں کو ہی کم نہیں کرتا’بلکہ اس آلودہ فضا میں سانس لینے والے ہر شخص کی صحت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتا ہے۔اس امر کا اظہار چیف ایگزیکٹو ‘’ہیلتھ پی کے ‘’ حکیم قاضی ایم اے خالد نے عالمی یوم انسداد تمباکو نو شی کے موقع پر ایک مجلس مذاکرہ میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشوں کے چھوڑے ہوئے دھوئیں میں محض آدھا گھنٹہ سانس لینے سے تمباکو نہ پینے والوں کے قلب کو خون کی فراہمی میں کمی آ جاتی ہے ، اس دھوئیں کی مضرت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ تجرباتی طور پر جن افراد نے روزانہ بیس سگریٹ پھونکے انہیں ان کے دھوئیں نے یہ تکلیف نہیں پہنچائی اور اس ماحول میں موجود ایسے افراد جو تمباکو نوشی نہیں کرتے تھے مختلف بیماریوں کا شکار ہو گئے۔پاکستان سمیت ترقی پذیر ملکوں میں سگریٹ نوشی کی شرح بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اورکم عمر نوجوان اس کا زیادہ شکار ہو رہے ہیں ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق موجودہ صدی میں ایک ارب افراد تمباکو نوشی سے متعلق امراض کے باعث ہلاک ہوجائیں گے سگریٹ نوشی کے تدارک کیلئے سگریٹ پر بھاری ٹیکس عائد کئے جائیں۔ سگریٹ نوشی کے اشتہارات شائع اور نشر نہ کئے جائیں۔حکومت سگریٹ نوشی پر پابندی نیز سگریٹ نوشی نہ کرنے والوں کی صحت کے تحفظ کے آرڈیننس برائے 2002 کا سختی سے اطلاق کرے ۔تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے۔

November 9, 2007

٭ذرائع ابلاغ پر پابندی دہشت گردی کے مزید فروغ کا باعث بن سکتی ہے: حکیم خالد٭

٭ناانصافی ‘حق تلفی اورنجی ٹی وی چینلزپر پابندی سے عوام میں فرسٹریشن بڑھ رہی ہے٭
٭حکومت پریس آرڈیننس واپس لے کر ٹی وی چینلز کی نشریات
فوری بحال کرے : پاکستان طبی جرنلسٹس کونسل٭

لاہور (نمائندگان الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا ) طب قدیم وجدید میڈیکل سائنس کے مطابق آزادی تحریر و تقریراور ذرائع ابلاغ پرقدغن لوگوں کو پرتشدد کاروائیوں پر اکساتی ہے۔ جو دہشت گردی کے فروغ کا باعث بن سکتی ہے۔ ناانصافی ‘حق تلفی اورنجی ٹی وی چینلزپر پابندی سے عوام میں فرسٹریشن بڑھ رہی ہے ۔اس حالت میں اگر جانبدارسرکاری ٹی وی دیکھا جائے توجھوٹ کو سچ دکھانے کے باعث ڈیپریشن وبلڈ پریشرمیں اضافہ ہو کر مزید جسمانی و نفسیاتی امراض پیدا ہو سکتے ہیں۔اس امر کا اظہار صدر پاکستان طبی جرنلسٹس کونسل ‘مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسرحکیم قاضی ایم اے خالد نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صحیح معلومات تک عدم رسائی سے سینہ گزٹ اور افواہ ساز فیکٹریاں وجود میں آتی ہیں ۔جو حکومت کےلئے انتہائی نقصان دہ اور پاکستانی عوام کے مفاد میں بھی نہیں ۔ لہذا اس فرسٹریشن اور دیگر نفسیاتی امراض اور پر تشدد کاروائیوں سے بچنے کےلئے حکومت اخبارات اور نشریاتی اداروں سے متعلق دونوں آرڈیننس واپس لے کر ٹی وی چینلز کی نشریات فوری بحال کرے تا کہ عوام ان پرامن ذرائع ابلاغ سے اختلاف رائے کا اظہارکر سکیں۔اور ایک صحتمند معاشرہ تشکیل پا سکے۔(یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ جدید مغربی تحقیق کے مطابق اختلاف رائے رکھنے والے ہی ریاست کے اصل وفادار ہوتے ہیں جبکہ خوشامدی اورچاپلوسی کرنے والے کئی ذہنی بیمار لوگ حکومتوں اور معاشروں کو لے ڈوبتے ہیں۔)

 
 http://www.express.com.pk

October 13, 2007

٭عید پر روزہ دار افرادکھانے پینے میں خصوصی احتیاط برتیں :حکیم خالد٭

٭روزے رکھنے سے جسمانی اعضاء کو ملنے والی شفا یکدم بسیار خوری سے ضائع ہوسکتی ہے٭
٭رمضان کریم کے نظم و ضبط کو قائم رکھ کر مستقل صحتمند رہا جا سکتا ہے٭

 مہینہ بھر روزے رکھنے کے بعد معدہ ‘جگر’انتڑیوں ‘گردوں ‘پٹھوںاور جسم کے دیگر اعضاء کو مختلف امراض سے شفااورجو آرام میسر آتا ہے بعض افراد اسے ایک ہی دن میں خوب کھاپی کرضائع کر بیٹھتے ہیں اورعید کے دن مرغن غذائیں مثلاًروسٹ’ بروسٹ’تکے ‘کباب’کڑاہی گوشت’ہریسہ’قورمہ’بریانی’حلوہ پوری’قتلمہ’کیک ‘مٹھائیاں وغیرہ اورکولا مشروبات کا بے انتہا استعمال کرکے بیمار ہوجاتے ہیں۔ ہمیں ایک ماہ تک اپنے جملہ اعضاء کو آرام دینے کے بعد زود ہضم غذا کی ضرورت ہوتی ہے لہذا یکدم بہت زیادہ مرغن غذاؤوں کے استعمال سے بچیں۔عید کے دن ناشتے میں دودھ سویاں’دوپہرکو سبزی گوشت جبکہ رات کو بھی سادہ غذا کا استعمال کریں اس دوران موسمی پھلوں کا استعمال نیزکولا مشروبات کی جگہ فریش جوسز زیادہ سود مند ہیں۔یاد رہے کہ بسیارخوری صحت کےلئے سخت نقصان دہ ہے اعصابی بیماریاں’دماغی کمزوری’ہائی بلڈ پریشر’شوگراور پیٹ کی متعدد امراض زیادہ کھانے سے ہی پیدا ہوتی ہیں رمضان المبارک ہمیں جو نظم وضبط اور اعتدال سکھاتا ہے رمضان کریم کے بعد بھی اسی تسلسل کو قائم رکھ کر ہم مستقل صحت مند رہ سکتے ہیں۔

 
میری طرف سے تمام قارئین’زائرین’تارکین وطن اورتمام امت مسلمہ کو عید مبارک
 
 
آپ کا اپنا حکیم خالد 

September 15, 2007

روزہ شوگر لیول ‘کولیسٹرول اوربلڈ پریشر میں اعتدال لاتا ہے:حکیم خالد

افطاری کے وقت زیادہ ثقیل اور مرغن تلی ہوئی اشیاء کا بکثرت استعمال کئی امراض کا باعث بنتا ہے

روزہ رکھنے سے جسم میں خون بننے کا عمل تیز ہو جاتا ہے

 پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کو ماہ رمضان مبارک ہو۔

   روحانی تسکین کے ساتھ ساتھ روزہ رکھنے سے جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں روزہ شوگر لیول ‘کولیسٹرول اوربلڈ پریشر میں اعتدال لاتا ہے’اسٹریس و اعصابی تناؤختم کرکے بیشتر نفسیاتی امراض سے چھٹکارا دلاتاہے’ روزہ رکھنے سے جسم میں خون بننے کا عمل تیز ہوجاتا ہے ‘انسانی جسم سے فضلات اور تیزابی مادوں کا اخراج کرتا ہے ‘موٹاپا اورپیٹ کو کم کرنے میں مفید ہے’ خاص طور پر نظام انہضام کو بہتر کرتا ہے علاوہ ازیں مزید کئی امراض کا علاج بھی ہے لیکن یہ تبھی ممکن ہوسکتا ہے جب ہم سحر وافطار میں سادہ غذا کا استعمال کریں۔خصوصاً افطاری کے وقت زیادہ ثقیل اور مرغن تلی ہوئی اشیاء مثلاً سموسے پکوڑے کچوری وغیرہ کا استعمال بکثرت کیا جاتا ہے جس سے روزے کا روحانی مقصد تو فوت ہوتا ہی ہے خوراک کی اس بے اعتدالی سے جسمانی طور پر ہونے والے فوائدبھی مفقود ہوجاتے ہیں بلکہ معدہ مزید خراب ہوجاتا ہے لہذا افطاری میں دنیا جہان کی نعمتیں اکٹھی کرنے اور اس پر ٹوٹ پڑنے کی بجائے افطار کسی پھل ‘کھجور یا شہد ملے دودھ سے کرلیا جائے اور پھر نماز کی ادائیگی کے بعد مزید کچھ کھالیا جائے اس طرح دن میں تین بار کھانے کا تسلسل بھی قائم رہے گا اور معدے پر بوجھ نہیں پڑے گا ۔افطار میں پانی دودھ یا کوئی بھی مشروب ایک ہی مرتبہ زیادہ مقدار میں استعمال کرنے کی بجائے وقفے وقفے سے استعمال کریں ۔انشاء اللہ ان احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کرنے سے روزے کے جسمانی وروحانی فوائدحاصل کر سکیں گے۔

August 5, 2007

موسمی امراض سے بچاؤکےلئے برسات میں خصوصی احتیاط کریں۔

 

٭۔۔۔۔۔۔ موسمی امراض سے بچاؤکےلئے برسات میں خصوصی احتیاط کریں :حکیم قاضی ایم اے خالد

٭۔۔۔۔۔۔ رہائشی کمروں میں گوگل اور حرمل کی دھونی دیں’پانی ابال کر پیئں’لیموں پانی کا بکثرت استعمال کریں ‘سرکہ موسم برسات کی بیماریوں کا بہترین علاج ہے

لاہور(نمائندگان الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا) اگر موثّراحتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو موسم برسات بیشتر امراض کا باعث بنتا ہے اکثر وبائی امراض بھی اسی موسم میں پھوٹتے ہیں جسکا بنیادی سبب ‘ہمارے ہاں ناقص سیوریج سسٹم کی وجہ سے سیلابی اور بارشوں کے پانی کاعرصہ دراز تک جگہ جگہ کھڑا ہو جانا ہے جو متعفّن ہوکر وبائی امراض کا باعث بنتا ہے ملیریا’ٹائیفایڈاور دیگر موسمی بخار’یرقان’ہیپا ٹائٹس ‘گیسٹرو’اسہال(دست)پیچش و پیٹ کے امراض ‘جسم میں کھچاؤٹ ‘دردیں ‘خون کی خرابی پھوڑے پھنسیاں اور گلے کی سوزش جیسے امراض برسات میں عام ہو جاتے ہے اس امر کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسر حکیم قاضی ایم اے خالد نے افادہ عام کےلئے نمائندگان الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس موسم میں رہائشی کمروں کو کھلا رکھنا چاہئے تاکہ تازہ ہوا اوردھوپ سے وہ خشک رہیں نیز ہر ہفتے ان میں گوگل اور حرمل کی دھونی دیں یا دیگر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کریں۔ گندے پانی اور کیچڑوغیرہ کی صفائی کا بھی فوری بندوبست ہونا چاہیئے موسم برسات میں اے سی یا روم کولرکے استعمال سے اعصابی کھنچاؤ’دردیں اوربخارجیسی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے اس موسم میں ہلکے سوتی ملبوسات زیادہ بہتر ہیں جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھیں آجکل کے دور میں جو پانی ہمیں میسّرہے اسے ہمیشہ ابال کر ہی پیئں لیکن خاص طور پرموسم برسات میں تو ابالے بغیر پانی ہرگزنہیں پینا چاہیئے اس موسم میں بعض پھل مثلا امرود ‘خربوزہ’سردا’گرمااور کھیرا وغیرہ کھانے میں خاص احتیاط کریں پھل اور سبزیاں تازہ اور اچھی طرح دھو کر استعمال کریں گلے سڑے یا پہلے سے کٹے ہوئے پھل نہ کھائیں ۔زیادہ عرصے سے ریفریجریٹر میں رکھا ہوا گوشت اور دیگر باسی اشیاء ہرگز استعمال نہ کریں کھانا ہمیشہ بھوک رکھ کراور تازہ کھائیں ذرا سی بداحتیاطی آپ کو اسہال (دست) یا ڈائریا (پیچش)میں مبتلاء کر سکتی ہے ۔ اس موسم میں پسینے کی زیادتی اور دیگر وجوہات سے جسم میں نمکیات اور حیاتین کی کمی ہو جاتی ہے لہٰذا اس کے تدارک کےلئے لیموں کی نمک ملی سکنجبین بہت مفید ہے اسی طرح طب نبوی (ص) کے مطابق سرکہ موسم برسات کی بیشتر بیماریوں کا بہترین علاج ہے ہیضہ سے بچنے کے لئے سرکے میں بھیگی ہوئی پیاز کا استعمال بہتر ہے سرکہ خون کو صاف کر تا ہے اور پھوڑے پھنسیوں سے بچاتا ہے پیاس کو تسکین دیتا ہے جسم کی حرارت کو اعتدال پر رکھتا ہے غذا کو جلد ہضم کرتا ہے نیز جسم سے فاسد اور غلیظ مادوں کو نکالنے میں معاون ہے ۔ برسات کے موسمی امراض سے بچاؤاور ان کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کےلئے لہسن ’ ادرک اور پیاز کا استعمال نہائت مفید ہے اگر صحیح غذائی احتیاط اور حفظ صحت کے اصولوںپر عمل کریں تو یقیناً ہم اس موسم کے عوارضات اور امراض سے بچ سکتے ہیں ۔

http://dailywaqt.com/openlink.asp?ddir=050807&im=p3-17.gif

رائل ون،ایف ایم ۱۰۳،روزنامہ دن،روزنامہ الاخبار،روزنامہ اسلام ،روزنامہ وقت،روزنامہ جنگ اور دیگر الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں ملاحظہ فرمائیں

June 26, 2007

۲۶جون عالمی یوم انسداد منشیات

٭۔۔۔۔۔۔ پاکستان میں 60لاکھ سے زائد افراد منشیات کا زہر اپنی رگوں میں گھول رہے ہیں

٭۔۔۔۔۔۔دولت کی فراوانی’ غربت’ عدم مساوات’ناانصافی اورگھریلو تنازعات منشیات کے استعمال کا باعث ہیں۔

٭۔۔۔۔۔۔کونسل آف ہربل فزےشنز پاکستان اور ینگ مسلمز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سیمینار سے مقررین کا خطاب

لاہور(نمائندگان پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا )عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر کونسل آف ہربل فزیشنزپاکستان اور ینگ مسلمز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان’’ عالمی یوم ترک منشیات اور اس کے تقاضے’’ منعقد ہوا کونسل ہذا کے مرکزی سیکرٹری جنرل حکیم قاضی ایم اے خالد نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بیس کروڑجبکہ پاکستان میں60 لاکھ سے زائد افراد منشیات کا زہر اپنی رگوں میں گھول رہے ہیں ۔ دس سال قبل 1997ء میں ان کی تعداد28لاکھ تھی ۔ملک کی22فیصددیہاتی آبادی اور38فیصد شہری آبادی منشیات کا شکار ہے۔ان نشیؤں میں سے ایک لاکھ تیس ہزار افراد سرنج کے ذریعے نشے کے عادی ہیںاور 80فیصد افراد مشترکہ سرنج استعمال کرتے ہیں جس سے بعد ازاں مہلک ترین بیماریاںہیپاٹائٹس سی’ ایڈز’ کئی قسم کے کینسر اور دیگر خطرناک امراض جنم لیتی ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ان میں زیادہ تر 14 سے 18سال کے نوجوان ہیں۔پاکستان میں کم وبیش2ملین افراد ہیروئن اور 50ہزار افراد افیون کے نشے کے عادی ہیں ۔ نشہ آور اور سکون آور ٹرانکولائزر گولیاں استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 9لاکھ کے قریب ہے اور سکون ونیندآور ان ادویات کی بغیر نسخہ دستیابی سے ان کا استعمال کرنے والوں کا گراف بتدریج بڑھ رہا ہے۔ ان گولیوں کا استعمال چھوٹے اور بڑے مرد اور عورتیں جوان اور بوڑھے سب ہی کرتے ہیں۔ اگرچہ کوئی بھی کوالیفائڈ طبیب جنسی اور دیگر امراض میں نشہ آور دوا دینے سے پرہیز کرتا ہے تاہم ملک میں عطائیوں اورنیم حکیموں کی بھی کمی نہیں جن کی وجہ سے ہر سال 45ہزار افراد صرف نشہ آورجنسی ادویہ کا شکار ہورہے ہیں۔ نئی نسل میں نشہ آور اشیاء کے استعمال کا رجحان درحقیقت دولت کی انتہائی فراوانی یا انتہائی غربت’ دوستوں کی بری صحبت، جنس مخالف کی بے وفائی، اپنی زندگی کو بے مقصد سمجھنے،اپنے مقاصد میں ناکامی اور اس تناظر میں پیدا ہونے والی بے چینی اور مایوسی ’ والدین کی مادیت پرستی ‘انتہائی مصروفیت اور بچوں کے معاملات میں عدم دلچسپی وعدم تعاون’معاشرہ کی طرف سے نظر انداز کئے جانے’ عدم مساوات’ناانصافی’انارکی ‘والدین کے گھریلو تنازعات بھی نشہ کے آغاز کے اسباب ہو سکتے ہیں۔اسلام نے 14 سو سال قبل تاقیامت’ انسان کے لئے جو ضابطہ حیات تفویض کیا گیا’اس میں ہر طرح کے نشے کو حرام قرار دیا گیا ہے تاکہ انسان روحانی و جسمانی بیماریوں سے محفوظ رہے۔ ظاہر ہے اس بد عادت کا بھی پرہیز ہی اصل علاج ہے۔شراب ‘ہیروئن’ چرس’ افیون’ بھنگ ‘صمد بونڈ ‘نشہ آور ٹیکے اور ادویات نیز دیگر جدید نشہ آور اشیاء کا استعمال کرنے والوں کی تعداد دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔منشیات فروش مافیا اور ان کے سرپرست وطنِ عزیز میںہر طرف دندنا رہے ہیں ۔ سوال یہ ہے کہ ان منشیات فروشوں کوایسی حکومت عبرت ناک سزا دے سکے گی جس نے شراب کے پرمٹ اور لائسنس ہر خاص و عام کو جاری کرکے منشیات فروشی کا دھندہ اپنا رکھا ہے۔پاکستان کی آنے والی نسل کس طرح انسانیت کے ان دشمنوں سے محفوظ رہے گی؟ان کے خلاف ایکشن کون لے گا؟ ان کو پھانسی پر کون لٹکائے گا؟یہ ایک لمحہء فکریہ ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہم سب کو بھی منشیات کے تدارک کےلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ ایسا شخص جو نشہ کرتا ہے اس سے لوگ نفرت کرنے لگتے ہیں اور اسے کمتر سمجھتے ہیں جبکہ منشیات کے عادی سے نفرت نہیں کرنی چاہئے بلکہ منشیات بیچنے والوں اور اس دلدل کی جانب دھکیلنے والوں سے نفرت کی جانی چاہئے۔سیمینار سے حکیم راحت نسیم سوہدروی ‘حکیم رفیق احمد صابر’چیئرمین آلٹرنیٹو میڈیسن حکیم محمد افضل میو’مولانابلال احمد قریشی اور دیگر نے خطاب کیا ۔

May 31, 2007

World No Tobacco Day 2007

٭۔۔۔۔۔۔ تمباکو نوشی انسانی جسم کودیمک کی طرح چاٹ جاتی ہے۔طبی ماہرین


٭۔۔۔۔۔۔ پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ جبکہ دنیا بھر میں 50لاکھ سے زائد افراد

 سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں


٭۔۔۔۔۔۔ حکومت پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرے

ڈاکٹررفیق بشارت’یونانی میڈیکل آفیسر قاضی ایم اے خالداورڈاکٹر ضیا ء اللہ چیمہ

 کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو

لاہور( نمائندگان پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا  ) دنیا میں اس وقت 65 کروڑ افراد تمباکو نوشی کی عادت میں مبتلا ہیں اوراس پر سالانہ دو کھرب ڈالر ضائع کر دیئے جاتے ہیں۔پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ جبکہ دنیا بھر میں 50لاکھ سے زائد افراد سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں ۔اگر تمباکو نوشی کا موجودہ رجحان یونہی برقرار رہا تو 2020ء تک تمباکو نوشی سے اموات کی موجودہ سالانہ شرح دوگنی ہو جائے گی۔اس امر کا اظہار پی جی ایم آئی کے ایسوسی ایٹ پروفیسرآف میڈیسن و نیوروفزیشن ڈاکٹر رفیق بشارت ‘یونانی میڈیکل آفیسر قاضی ایم اے خالداور ڈاکٹر ضیا ء اللہ چیمہ نے تمباکو نوشی کے خاتمے کے عالمی دن کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ایک ایسازہر ہے جو انسانی جسم کو دیمک کی طرح چاٹ جاتا ہے۔اس سال عالمی دن کا موضوع ‘’ سوفیصد تمباکو سے پاک ماحول پیدا کرنا ‘’ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کے پھیپھڑوں کے سرطان اور دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں نیز آرتھرائٹس اور تھائی رائڈ غدود کے امراض بھی لاحق ہوجاتے ہیں۔اور تمباکونوشی کرنےوالے افراد میں گلوکوز برداشت نہ کرنے کا عمل شروع ہوجاتا ہے جو ذیابطیس کے مرض کی شروعات ہیں۔اس طرح بلواسطہ تمباکو نوشی کرنے والوں کے ذیابطیس کے مرض میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔عورتوں میں تمباکو نوشی اکثر جلد سن یاس کا باعث بن سکتی ہے جس کی وجہ سے بوسیدگیِ استخواںکی مرض بھی پیدا ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سگریٹ نوشی کسی فرد کو نہ صرف جسمانی بلکہ معاشی طور پر بھی متاثر کرتی ہے۔ اور آج کل کم عمر نوجوانوں میں سگریٹ نوشی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے حکومت کوچاہئے کہ سگریٹ نوشی کی روک تمام کیلئے موثر اقدامات کرے اور پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کےونکہ تمباکو نوشی سے پیدا ہونیوالے دھویں سے ان لوگوں کی کثیر تعدادبھی مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلی جاتی ہے جو تمباکو نوشی نہیں کرتے۔ لوگوں میں تمباکو نوشی کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہنے کیلئے شعور پیدا کرناحکومت سمیت ہم سب کا فرض ہے۔

May 17, 2007

موسم گرما کے امراض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کریں

٭… موسم گرما کے امراض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کریں: حکیم قاضی ایم اے خالد

٭… سوتی ملبوسات استعمال کریں’پانی ابال کر پیئں’لیموں کی سکنجبین اور دیگر مشروبات بکثرت استعمال کریں ‘سرکہ موسم گرما کی بیماریوں کا بہترین علاج ہے 

لاہور ( نمائندگان پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا  )اگر موثّراحتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو موسم گرمابیشتر امراض کا باعث بنتا ہے۔ لولگنا’بھوک کی کمی ‘سردرد’صفراوی بخار’گھبراہٹ’خفقان ‘ٹائیفائڈ’پھوڑے پھنسیاں’گیسٹرو’ہیضہ ‘اسہال اور پیچش وغیرہ جیسے عوارضات اسی موسم میں ہوتے ہیں۔موسم گرما میںکولا مشروبات کی بجائے دودھ یا دہی کی لسی ’ بزوری ‘صندل ‘فالسہ اور نیلوفر کا شربت’لیموں پانی ‘تازہ پھل اورگوشت و فاسٹ فوڈز کی بجائے سبزیوں کا استعمال مفید ہے۔سخت دھوپ میں گھر سے باہر نہ نکلیں بہت ضروری ہو تو سادہ پانی’نمکین لسی یا لیموں پانی پی کراور سر و گردن پر کوئی کپڑا لے کر نکلیں۔ اس امر کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسر حکیم قاضی ایم اے خالد نے کونسل ہذاکے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ایک سیمینار بعنوان’‘موسم گرما کے امراض اور ان سے بچاؤ’‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اس موسم میں سوتی ملبوسات زیادہ بہتر ہیں جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھیں موجودہ دور میں جو پانی ہمیں میسّرہے اسے ہمیشہ ابال کر ہی پینا چاہیئے۔ بعض پھل مثلاً خربوزہ’تربوزاور کھیرا وغیرہ کھانے میں خاص احتیاط کریں پھل اور سبزیاں تازہ اور اچھی طرح دھو کر استعمال کریں گلے سڑے یا پہلے سے کٹے ہوئے پھل نہ کھائیں ۔زیادہ عرصے سے ریفریجریٹر میں رکھا ہوا گوشت اور دیگر باسی اشیاء ہرگز استعمال نہ کریں کھانا ہمیشہ بھوک رکھ کراور تازہ کھائیں ذرا سی بداحتیاطی آپ کو اسہال (دست) یا ڈائریا (پیچش)میں مبتلاء کر سکتی ہے ۔اس موسم میں پسینے کی زیادتی اور دیگر وجوہات سے جسم میں نمکیات اور حیاتین کی کمی ہو جاتی ہے لہٰذا اس کے تدارک کیلئے لیموں کی نمک ملی سکنجبین بہت مفید ہے اسی طرح طب نبویۖکے مطابق سرکہ اس موسم کی بیشتر بیماریوں کا بہترین علاج ہے۔ہیضہ سے بچنے کے لئے سرکے میں بھیگی ہوئی پیاز کا استعمال بہتر ہے سرکہ خون کو صاف کر تا ہے اورپھوڑے پھنسیوں سے بچاتا ہے پیاس کو تسکین دیتا ہے جسم کی حرارت کو اعتدال پر رکھتا ہے غذا کو جلد ہضم کرتا ہے نیز جسم سے فاسد اور غلیظ مادوں کو نکالنے میں معاون ہے ۔ اگر صیح غذائی احتیاط اور حفظ صحت کے اصولوںپر عمل کریںتو یقینناًہم موسم گرماکے عوارضات اور امراض سے بچ سکتے ہیں ۔

April 7, 2007

عالمی یومِ صحت

عالمی یومِ صحت


 آج پاکستان سمیت پوری دنیا عالمی یومِ صحت’’ صحت کےلئے سرمایہ کاری’محفوظ تر مستقبل کی تعمیر ‘’کے سلوگن کی ساتھ منارہی ہے۔ یہ دن1950سے ہرسال7 ۔اپریل کومختلف موضوع کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یوم صحت منانے کا مقصد لوگوں ‘ملکوں ‘حکومتوںاور صحت سے متعلقہ تنظیموں میں امراض کے بارے میں شعور بیدار کرنااور اس ضمن میں عملی اقدامات کی تحریک پیدا کرناہے۔ایک بہتر اور محفوظ مستقبل کی تعمیر کےلئے موثراجتماعی نظام صحت کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔جس کا وطنِ عزیز میں فقدان ہے۔ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کی رپورٹ کے مطابق جدید میڈیکل سائنس کی بے پناہ ترقی کے باوجود دنیا کی 86 فیصد آبادی ہربل ادویات استعمال کر رہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے فنڈبرائے آبادی کے مطابق پاکستان کی 76فیصد آبادی مختلف امراض کے سلسلے میں طب یونانی کی ہربل میڈیسنز کا استعمال کرتی ہے۔اس کے باوجود وطن عزیز کی کسی ہیلتھ پالیسی اور اسکیم میں طب یونانی کو شامل نہیں کیا جاتاحالانکہ عالمی ادارہ صحت بھی اس کی سفارش کرچکا ہے یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی ہیلتھ پالیسی اوراسکیم ہمارے ملک میں کامیاب نہیں ہوتی۔ حکومت کے صحت پروگراموں کے ثمرات پاکستانی عوام خصوصاً دیہاتیوں کو تبھی پہنچ سکیں گے جب ان میں طب یونانی کو بھی شامل کیا جائے گا انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ طب یونانی اور اس کی صنعت دواسازی کو فروغ دیا جائے’ اس سلسلے میں قانون سازی کی جلد ازجلد تکمیل کی جائے نیزصحت کے حوالے سے سرمایہ کاری کرتے وقت طب یونانی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ حکومت کے ان اقدامات سے پاکستان اپنا قومی مسلہ ء صحت حل کرنے کے ساتھ ساتھ کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ بھی کما سکتا ہے۔

 یونانی میڈیکل آفیسر اور مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان حکیم قاضی ایم اے خالد کا عالمی یوم صحت کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینارسے خطاب

March 24, 2007

چوبیس مارچ۔ورلڈ ٹی بی ڈے

دنیا کی ایک تہائی آبادی ٹی بی کا شکار ہے
ہربیس سیکنڈ بعد ایک انسان ٹی بی سے موت کے منہ میں چلا جاتا ہے
تنگ وتاریک مکانات ‘غلاظت کے ڈھیر ‘گندے غذائی اجزاء اس بیماری کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
حکومتی سطح پر غربت اور آلودگی کا خاتمہ ٹی بی سے نجات کےلئے اہم ہے
اس مرض کے علاج کےلئے ڈبلیو ایچ او نے ایک کم مدت اورسستاعلاج ڈاٹس متعارف کروایا ہے:

یونانی میڈیکل آفیسرحکیم قاضی ایم اے خالد

لاہور24 مارچ ۔۔۔۔۔۔بھوک اور وزن میں کمی ’ لگاتار ہلکا بخار’ بہت جلد تھکاوٹ ہونا’خصوصاً رات کو پسینے میں شرابور ہوجانا ٹی بی کی علامات ہوسکتی ہیں جبکہ مسلسل کئی ہفتوں سے کھانسی جو عام علاج سے درست نہ ہواور کھانسی کے ساتھ خون کا اخراج نیز سینے میں دردوغیرہ جیسی علامات پھیپھڑوں کی ٹی بی کی نشاندہی کرتی ہیں اس امر کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنزپاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسرحکیم قاضی ایم اے خالد نے ٹی بی کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیاکی آبادی کا ایک تہائی ٹی بی کی انفیکشن جبکہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ افراد سے زائد ٹی بی کی مرض کا شکار ہیں۔کم وبیش ہربیس سیکنڈ کے بعد ایک انسان ٹی بی سے موت کے منہ میں چلا جاتا ہے کم وبیش بیس لاکھ افراد سالانہ اس مرض سے لقمہء اجل بن جاتے ہیں جن میں نصف تعداد خواتین کی ہوتی ہے۔ پاکستان میں بھی یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سلسلے میں یہ دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر ہے اسوقت ملک میں بیس لاکھ افراد تپ دق کے مریض ہیںجبکہ ان میں ہرسال دو لاکھ مریضوں کا اضافہ ہوجاتا ہے۔علاوہ ازیں ایک محتاط اندازے کے مطابق سالانہ دو لاکھ ستر ہزارسے زائدپاکستانی اس مرض سے وفات پا جاتے ہیں۔ خصوصاً ڈیرہ غازی خان’ اوکاڑہ اور دیگر پسماندہ علاقوں میں بڑوں سمیت بچے بھی اس کا شکار ہورہے ہیں ٹی بی ‘مائیکو بیکٹیریم ٹیوبر کلوسیس نامی جرثومے سے پھیلتا ہے یہ جرثومہ مریض کے ناک ‘کان’ تھوک ‘بلغم اور خون میں موجود ہوتا ہے مریض کے تھوکنے ‘کھانسنے اور چھینکنے سے یہ جرثومہ دوسروں تک منتقل ہوجاتا ہے لہذا مریض چھینکتے اورکھانستے و قت منہ کے آگے کپڑا رکھے کیونکہ ایک مریض کم وبیش مزید پندرہ نئی مریض وجود میں لانے کا باعث بنتا ہے تنگ وتاریک مکانات ‘غلاظت کے ڈھیر ‘گندے غذائی اجزاء اس بیماری کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کم روشنی ‘نمی یا سیلن والے تنگ وتاریک مکانات میں رہائش سے گریز کیا جائے ۔کچادودھ وکچا گوشت استعمال نہ کیا جائے اور رنج وغم سے دور رہا جائے۔ میڈیکل’طبی تنظیموںاور دیگر این جی اوز کو اس مرض کی بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا چاہئے جبکہ حکومتی سطح پر غربت اور آلودگی کا خاتمہ ٹی بی سے نجات کےلئے اہم ہے ۔طب یونانی میں بھی اس مرض کا موثر علاج موجود ہے لیکن اس مرض کے علاج کےلئے ڈبلیو ایچ او نے ایک کم مدت اورسستاعلاج ڈاٹس متعارف کروایا ہے ۔جس سے فوری استفادہ کرکے اس موذی مرض پر قابوپایا جاسکتا ہے۔

(World TB Day 2007 Theme:TB ANY WHERE IS EVERY WHERE)

March 23, 2007

یومِ پاکستان اور طب اسلامی

  یومِ پاکستان اور طب اسلامی

تئیس مارچ 1940ء

کے دن کی یاد ہمیں سعی مسلسل کی ترغیب دیتی ہے۔اسی دن ہمارے بزرگوں
نے ایک قراداد کے ذریعے اپنی زندگیوں کا ایک مقصد اور منزل کا تعین کیا تھا اور انہوں نے متحد
ہوکر اپنی تمام تر توانائیاں اس مقصد کے حصول کےلئے وقف کردیں اور صرف سات سال کے عرصے میں دنیا کے خطے پر پہلی اسلامی نظریاتی مملکت وجود میں آگئی اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ ان سچے مسلمانوں نے حضرت عثمان غنی(رض )کے اس قول پر عمل کیا کہ’‘زندگی کا کوئی مقصد بنالو پھر اپنی ساری طاقت اس پر لگا دو تو تم ضرور کا میاب ہو جاؤ گے ‘’۔یوم پاکستان کایہ دن ہمارے لئے تجدید عہد کا دن بھی ہے بے شک قیام پاکستان کی منزل پا لی گئی مگر تعمیر پاکستان کا سفر تو ہنوزجاری ہے لیکن اس سلسلے میں منزل ہم سے دور ہو چکی ہے دیگر تمام شعبوںاور اداروں کی تعمیر میں کوتا ہیوں کے ساتھ ساتھ ہم اپنی قوم کے

مسلہ ء صحت کے حل کےلئے بھی اغیار کے محتاج ہیں حالانکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے 1942ء میں طلبائے طبیہ کالج دہلی سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا تھا کہ’‘جب زمام اختیار مسلمانوں کے ہاتھ آئے گی تو وہ تمام علوم و فنون اسلامیہ کے ساتھ طب اسلامی (یونانی)کے تحفظ و بقا کا بھی خیال رکھیں گے کیونکہ یہ ایک بہترین قومی ورثہ ہے اور اس کی حفاظت قوم کا فرض ہے۔’‘اسی طرح مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے 1956ء میں کراچی میں پاکستان طبی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ’‘طب اسلامی اور اس کا تحفظ ایک مسلمہ امر ہے اگرچہ طب اسلامی کی روشنی طب مغرب کی مصنوعی چمک کے سامنے دھندلا گئی ہے تاہم آج بھی ہمارے عوام اس طریقہ علاج کو پسند کرتے ہیں ۔یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ کوئی بھی فن حکومت کے تعاون اور امداد کے بغیر بلندیوں کو نہیں چھو سکتا ۔طباسلامی (یونانی) عوام کی عادات و مزاج کے عین مطابق ہے اس خصوصیت نے اس طریقہ علاج کو ہر آزمائش میں کامیاب کیا ہے۔ اس لئے اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے ۔پاکستان میں اس کےلئے ہر دروازہ کھلا رہنا چاہئے طبی ہسپتال ‘طبی شفا خانے اور تجربہ گاہیں بالکل ان ہی خطوط پر جن پر طب مغرب کو یہ سب سہولتیں فراہم کی گئی ہیں مہیا کی جائیں تاکہ امراض اور ادویات پر تحقیقات کی جائیں ۔’’ لیکن آج نصف صدی سے زائد گذرنے کے باوجود طب اسلامی کی حالت انتہائی ابتر اور سنگین تر ہے۔قومی طبی کونسل ‘طب اسلامی کے معاملات اوردیگر ادارے نا اہل قیادتوں اور منفی سیاست کی وجہ سے مزید زبوں حالی کا شکار ہوچکے ہیں ۔طبی نظام تعلیم انتہائی ناقص ہوچکا ہے۔ طبی دواسازی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ان حالات میں تمام منتشر اطبائے کرام ‘طبی تنظیمیں اور عمائدین و قائدین طب’ متحد ہوں اورہرقسم کی سیاستوتعصب سے بالا تر ہو کر’علمی و سائنسی انداز فکر اپناتے ہوئے ‘طب یونانی اسلامی مشرقی کی ترویج و ترقی کو اپنا مقصد اولین بنالیں نیز اپنی منزل کا تعین کرکے تمام تر قوت اورتوانائیاں اس پر لگاکرتعمیر پاکستان کی تکمیل کےلئے تعمیر طب کے سفر کانئے سرے سے آغاز کریں’قائدین ِطب اس مقولہ پر عمل کریں کہ’‘آگے بڑھو یا راستہ چھوڑ دو’’ یا درکھئے !جمود موت ہے اور حرکت زندگی ۔قائد اعظم کے بقول ‘’آگے بڑھئے اور بڑھتے ہی جائیے ‘’کیونکہ مل جل کر کرنے کےلئے ابھی بہت کام باقی ہیں اگر ہم مندرجہ بالا پر عمل کرکے ایک متحد طاقت بن جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنے مقصد
میں کامیاب نہ ہوسکیں۔آخر میں ایک بات مزید کہوں گا
کہ۔۔۔
نیک باتوں پر عمل کرنا تمھارا کام ہے
یہ نہ دیکھوکہنے والا کون ہے کیا نام ہے