اسلامی جمہوریہ پاکستان زندہ باد
HakimKhalid's Blog :: سال ِ نو ہجری و عیسوی مبارک۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ :: January :: 2009

سال ِ نو ہجری و عیسوی مبارک۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سال ِ نو ہجری و عیسوی’ وقت دعا ہے
 
    پیارے قارئین !سال ِ نو ہجری و عیسوی کے موقع پردعا کے لیے ہاتھ اٹھائیے لیکن دست دل بھی لہرائیے اور زبان دل سے ‘’اُسے’’ آواز دیجئے جوبے قراروں’ پریشان حالوں’ دکھی لوگوں’ آزردہ انسانوں کی مدد کیلئے آسمانوں پر ایسی ‘’ایمرجنسی’’ نافذ کرتا ہے کہ آسمانوں پر بھونچال آجاتا ہے اور ملائکہ سہم جاتے ہیں کہ شاید قیامت برپاہوچکی ہے’ ہاں! آج قیامتوں کے ردندے ہوئے’ لہو تھوکتے دلوں سے اُسی کو آواز دو کہ یا اللہ ! ہم سب امسال کے برے دنوں’ بری راتوں’ بری گھڑیوں اور برے وقتوں سے تیری پناہ چاہتے ہیں’ تیرے ناگہانی غصہ سے بھی’ نعمتوں کے چھن جانے اور عافیتوں کے پھر جانے سے بھی تو امسال ہمارے گھروں اور مسلم امہ پر بالخصوص’‘جن وانس’’ اور کائنات کی ہرذی روح پر بالعموم اپنا فضل بے پایاں’ امن بے پایاں اور رحمت بے پایاں نازل فرما دے’ دکھ اٹھالے’ اور امراض اٹھالے۔یااللہ! توامسال ہر ایک بنت حواکواپنی حفاظت واپنی امان میں رکھنااور سب کی آغوش میں مسرتوں کے گلاب کھلانا۔
 یااللہ! تو امسال حرمین شریفین’ تبلیغی مراکزومساجد اور دنیا بھر میں مانگی جانے والی ساری انفرادی واجتماعی دعائوں کوہماری دعائوں سمیت شرفِ قبولیت بخش ۔یا اللہ!رام’صلیب اورتین خدائوں کے پرستاروں کے دلوں میں لڈوپھوٹ رہے ہیں کہ انہوں نے تجھ’‘یکتاوتنہا’’ کے پرستاروں کو چہاردانگ میں’‘مرغا’‘بنا رکھاہے اور کرہ ارض کو ان کے لئے کربلا اور’‘گوانتاناموبے’‘بنا دیا گیا ہے اے باری تعالیٰ تو اپنے پرستاروں کو چہار دانگ میں سرخرو کر۔یا اللہ تو امسال ‘’جبل رحمت’’ پرزائرین کی آنکھوں کو ‘’دریائے ذخار’’ عطا کر پھر اپنے ‘’دریائے رحمت’‘کو بھی موجزن کر اور ہر دل آزردہ کو شادباغ وبہار کر۔یااللہ!پاسبان حرم ہیں کہ کیمپ ڈیوڈ’‘کے ریزہ چیں’‘ہیں جو اپنے’‘تاج شاہی’’ کے لئے امت کا تاج آزادی ‘’رہن’‘رکھ چکے ہیں۔یہ رہن رکھی ہوئی آزادی موت سے بھی بدتر ہو رہی ہے۔ریاست کے حکمران اپنے شہریوں کی زندہ رہنے کی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔یااللہ تیری مخلوق کاتیرے نام پر بنے ہوئے تیرے ملک میں کوئی پرسان حال نہیں۔یااللہ رحم کر !یااللہ رحم ۔
یااللہ!’‘ساحران الموت’’ کے ان اسیروں کورہائی دلادے اور اس کا رواں کا لٹاہوا ‘’احساس زیاں’’ واپس کرادے۔ یااللہ! اہل حرم کے دل سرد ہوگئے تو انہیں دل مضطر’دل سوختہ’دل نگاراور دل ناصبوردے۔ یااللہ!اہل حرم نے تیرے’‘یونیورسل روڈمیپ’’ (اسلام) کو دلوں سے اتاردیا ہے جس کی پاداش میں قعرمذلت ودرک اسفل نے انہیں گھیرے میں لے لیا ہے تو ان کی خطائوں کو نیکیوں میں بدل کر انہیں پھر سے زمانے میں تو قیر بخش’سرفرازی عطا کر کہ تجھے روکنے’ٹوکنے اور پوچھنے والا کوئی نہیں۔یااللہ!تو کیمپ ڈیوڈ کے ‘’کنکوتوں’’ سے اہل حرم کی کھیتیاں بچادے۔! یااللہ!تو اہل حرم کی کم عیاری’کم ظرفی اور کم فہمی ختم کرکہ یہ سماج ِعالم میں ‘’فارایسٹ کے بونے’’ شاہد دلے کے چوہے’‘بن کر رہ گئے ہیں۔یااللہ!تو اہل حرم کی’‘شمع کشتہ’’ کو پھر سے’‘شمع عالم تاب’’ بنا۔ یااللہ! کیمپ ڈیوڈ نے انسانیت پر ‘’قلزم خوں’’ اچھال دیا ہے’تو اسے اس کے سارے عالمی غارت گروں سمیت فرعون کی مانند وقت کے ‘’بے رحم نیل’’ میں غرق کر دے تا کہ انسانیت اس کی خون آشام ‘’شوں’‘سے نجات پائے۔
یااللہ! عالمی غارت گروں کا ہاتھ کائنات کی شہ رگ تک جاپہنچا ہے یہ پاکستان کے قبائلی علاقوں’ افغانستان’عراق’‘فلسطین وکشمیر’’ کو ایسا’‘ٹائم بم’’ بنا چکے ہیں جو پھٹ کر ‘’کنبہ آدم’’ پر’‘اجتماعی موت’’ بانٹیں گے! ہاں تو دستِ قدرت ان کی مغرورگردنوں پر مارکہ ان کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں۔ یااللہ! تو لغات عالم سے لفظ’‘میں ‘’واپس لے لے کہ یہ تیراوصف ہے اور انسان نے اسے چراکرکرہ ارض ‘’قصاب خانہ وبارود خانہ’‘بناڈالا۔صیہونیت کے پیروکارمعصوم فلسطینیوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں اقوام عالم خاموش تماشائی ہے یااللہ یہ تیرے نام لیوا ہیں ۔یااللہ انہیں حفظ امان عطاکراور مسلم امہ کو ان کی حفاظت کی توفیق عطا فرما۔ یااللہ! یااللہ! یااللہ! تو اس بارتمام زائرین حرم کی انفرادی واجتماعی دعائیں قبول فرمااور انہیں ایسی دعائیں مانگنے کی توفیق بخش جنہیں تو قبول کرکے انسانیت عالیہ کی عالمگیر سرفرازی’ حق پرستی پر عدل پروری کی راہیں ہموار کردے۔ یااللہ! تو انسان میں انسان کیلئے ‘’جینے’’ اور انسان کیلئے ‘’مرنے’’ کی وہ ‘’روح’’ جگادے جو ایک عالمگیر سماج کی داغ بیل ڈال سکے۔
یااللہ! تو انسان کے باطن میں بال کھولے ‘’خونی درندے’’ کو ہلاک کر دے کہ جس کی عالمگیر حرص وہوس نے بنی آدم کے سماج کو تہس نہس کر ڈالا ہے اور ‘’سپیدہ سحر’’ کو سیاہ کر ڈالاہے۔یااللہ! تو انسانیت عالیہ اور بشریت جلیلہ کا حسن وجمال تاراج کرنے والوں کے ہاتھ توڑدے !یہ کنبہ آدم کے ایک طبقے (مسلمانوں) کو’‘ریڈانڈین’کی طرح صفحہ ہستی سے مٹارہے ہیں۔یااللہ! امن کی ‘’فاختہ’‘عالمگیر مساوات وعدل کے باغوں میں اپنا ‘’نشیمن’’ تیار کرتی ہے’ تو انسان نما درندوں کو یہ شعوردے دے کہ دنیا میں خصوصاعراق ‘افغانستان ‘پاکستان کے قبائلی علاقوں میں جنگ وجدل اورکرہ ارض کوگوانتاناموبے’فلسطین وکشمیر میں بدلنے سے امن کی مطلوبہ فاختہ کبھی بھی اس کے ہاتھ نہیں لگ سکتی۔
٭…٭…٭

 

Comments »

The URI to TrackBack this entry is: http://hakimkhalid.blogsome.com/2009/01/01/p158/trackback/

No comments yet.

RSS feed for comments on this post.

Leave a comment

Line and paragraph breaks automatic, e-mail address never displayed, HTML allowed: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <code> <em> <i> <strike> <strong>